1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

انٹرنیٹ پر بوجھ: یو ٹیوب، نیٹ فلیکس نے امیج کوالٹی کم کر دی

20 مارچ 2020

نیٹ فلیکس اور یُو ٹیوب کی انتظامیہ نے کہا ہے کہ وہ اپنی معمول کی امیج کوالٹی میں کمی لا رہے ہیں تا کہ عام لوگ انٹرنیٹ سے کورونا وائرس کی معلومات آسانی سے حاصل کر سکیں۔

https://p.dw.com/p/3Zlcy
YouTube
تصویر: picture-alliance/dpa/M. Skolimowska

ان اداروں کی جانب سے یہ فیصلہ گزشتہ کچھ عرصے میں انٹرنیٹ پر صارفین کی موجودگی کے تناظر میں کیا گیا ہے۔ مختلف ممالک میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے بعد لاکھوں کروڑوں لوگ گھروں میں پابند ہو کر رہ گئے ہیں اور زیادہ تر افراد انٹرنیٹ کا استعمال جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ان میں سے تقریباً سبھی افراد دفتری سرگرمیاں بھی گھر میں رہتے ہوئے مکمل کرنے میں مصروف ہیں۔ تعلیمی اداروں میں بندش کی وجہ سے بھی کم عمر اور بالغ طلبہ بھی اپنے اپنے مکانوں میں محدود ہو چکے ہیں اور ان کے پاس تفریح کا کوئی اور ذریعہ نہیں بچا ہے۔

Netflix
تصویر: picture-alliance/AA/M.E. Yildirim

ان عوامل کو دیکھتے ہوئے یورپی کمیشنر برائے ڈیجیٹل اقتصادیات تھیئری بریٹوں نے انٹرنیٹ کے بڑے اداروں سے درخواست کی تھی کہ وہ ہائی امیج کوالٹی کی جگہ سابقہ پکچر کوالٹی پر منتقل ہو جائیں تاکہ سبھی گھروں میں بیٹھے ہوئے لوگ انٹرنیٹ سے استفادہ کر سکیں۔

ماہرین کا بھی موقف ہے یورپی کمیشنر کی تجویز بظاہر معقول دکھائی دیتی ہے۔ ان کے مطابق اس وقت کورونا وائرس کی وباء پھیلنے کے بعد انٹرنیٹ واحد معلوماتی اور تفریحی ذریعہ رہ گیا ہے اور یہ کہیں اس بوجھ کو پوری طرح سہار ہی نہ سکے۔

یورپی کمیشنر کی درخواست سے نیٹ فلیکس اور یُو ٹیوب نے اتفاق کیا۔ نیٹ فلیکس نے جمعرات انیس مارچ رات گئے اعلان کیا کہ وہ اپنی ہائی کوالٹی امیج میں کمی کر رہا ہے۔ اس کے دیکھا دیکھی یُو ٹیوب کے ادارے نے بھی ایسا ہی فیصلہ کیا۔

دونوں اداروں نے اپنے اپنے صارفین کو کوالٹی تصویر دستیاب نہ ہونے پر پریشان نہ ہونے کی ہدایت کی ہے۔ یہ بھی کہا گیا کہ بوجھ کم ہونے کی صورت میں پکچر کوالٹی خود بخود بہتر ہو جایا کرے گی۔

ع ح / ا ا (ڈی پی اے، اے ایف پی)