| 03.07.2009 | 16:00 UTC
برطانوی سفارت خانے کے اہلکاروں کے خلاف ایران میں مقدمہ
ایرانی حکام نے برطانوی سفارت خانے کے گرفتار مقامی اہلکاروں کے خلاف مقدمہ چلانے کا اعلان کیا ہے۔ مجلس شوریٰ کے سربراہ نے جمعہ کی نماز کے دوران بتایا کہ دو اہلکاروں نے الزامات کا اعتراف کیا ہے۔ تہران میں برطانوی سفارت خانے کے نو اہلکاروں کو گزشتہ دنوں انتخابی نتائج کے خلاف مظاہروں کے دوران بدامنی پھیلانے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا جن میں سے سات کو بعدازاں رہا کر دیا گیا۔ دوسری جانب یورپی یونین کا کہنا ہے کہ ایران سے رکن ممالک کے تمام سفارت کاروں کو واپس بلانے کے لئے برطانیہ کی درخواست پر غور کیا جا رہا ہے۔ اُدھر امریکی صدر باراک اوباما نے ایک مرتبہ پھر ایران کے جوہری منصوبے کو خطے میں امن کے لئے خطرہ قرار دیا ہے۔ بین الاقوامی ادارہ برائے جوہری توانائی آئی اے ای اے کے نومنتخب سربراہ Yukiya Amano نے کہا ہے کہ انہیں ایران کی جانب سے جوہری ہتھیاروں کی تیاری کے بارے میں آئی اے ای اے کے دستاویزات میں کوئی تحریری ثبوت نہیں ہے۔












