1998ء میں میرا ایک دوست عبدالرشید شاکر مختلف نشریاتی اداروں کی نشریات سنا کرتا تھا۔ اس کے ساتھ میر ی دوستی تھی۔ آہستہ آہستہ پھر مجھے بھی شوق ہوا اور میں بھی اس کے ساتھ ریڈیو کی نشریات سننے لگا۔
فرینڈز لسنرز کلب محلہ قادر آباد لیہ پاکستان کے اراکین
میں نے اپنا پہلا خط 1999ء میں ریڈیوڈوئچے ویلے اور ایک دوسرے عالمی ریڈیو کوایک خط لکھا تھا۔ پھر آہستہ آہستہ میرا شوق بڑھتا گیا اور میں نے اپنے ایک کزن محمد احمد کوان ریڈیو اسٹیشنوں کے بارے میں بتایا، تو وہ بھی میرے ساتھ شامل ہو گیا۔
اسی طرح ہم باقاعدگی سے ڈوئچے ویلے جرمنی اور دوسری عالمی نشریات سننے اور انہیں ہر ہفتہ باقاعدگی سے خط لکھنے لگے۔ ان ریڈیواسٹیشنوں پر جب ہفتہ وار سامعین کے خطوط پڑھے جاتے، اور ان خطوط میں کبھی کبھار ہمارا کوئی خط شامل ہو جاتا تو ہمیں بہت خوشی ہوتی تھی اور ہم اگلا سارا ہفتہ اس پروگرام کا انتظار کیا کرتے تھے۔ جب کچھ سامعین اپنے کلب کی طرف سے خط لکھتے تو ہمیں بھی اس بات کا اشتیاق ہوتا کہ ہمارا بھی کوئی لسنرز کلب ہوتا اور ہم بھی ان کی طرح اپنے کلب کی جانب سے خط لکھتے اور اپنے کلب کی سرگرمیوں کے بارے میں بتاتے۔ اپنی اس خواہش کو عملی جامہ پہنانے کے لئے ہم نے اپنے کافی دوستوں سے رابطہ کیا اور انہیں ریڈیو لسننگ اور خاص کر ڈوئچے ویلے جرمنی کے بارے میں بتایا اور ان کے طرف سے بھیجے گئے لٹریچر اور گفٹ بھی انہیں دئے۔
سب سے پہلی کلب میٹنگ ہم نے اپنے ایک دوست حماد بشیر کے ڈرائنگ روم میں کی تھی۔ اس میں ہم نے کافی محلہ داروں اور دوستوں کو دعوت دی تھی اور انہیں ریڈیو کی افادیت اور مختلف نشریاتی اداروں کے جانب سے نشر کردہ پروگراموں کے بارے میں بتایا۔ یہ لوگ تب تک صرف دوسرے عالمی ریڈیو اسٹیشنوں پر خبروں کے بلیٹن سنا کرتے تھے۔ انہیں ریڈیو ڈوئچے ویلے کے بارے میں بتایا اور خبروں کے ساتھ ساتھ ان کی طرف سے نشر کردہ دیگر پروگرامز کی افادیت کے بارے میں آگاہ کیا اور اپنے کلب فرینڈز لسنرز کلب کا باقاعدہ طور پر آغاز کیا۔ شروع میں ہمارے کلب کے ریگولر ممبران کی تعداد 5 تھی۔ اب آہستہ آہستہ یہ تعداد بڑھتی ہوئی15ممبران تک پہنچ چکی ہے اور ایک کثیر تعداد میں لوگ ہم سے ریڈیوکے بارے میں معلومات حاصل کرتے ہیں۔
اس تمام عرصے میں جہاں تک ہم سے ممکن ہوسکا، ہم نے ڈوئچے ویلے جرمنی کی تمام معلوماتی سرگرمیوں میں حصہ لیا اور انہیں وقتاً فوقتاً ان کے پروگرامز کی بہتری کے لئے تجاویز بھی ارسال کیں اور ان کے انعامی مقابلوں میں بھرپور شرکت کی ہے۔ انہیں اپنے کلب کی تمام سرگرمیوں کی رپورٹیں بھی باقاعدگی سے ارسال کر رہے ہیں۔ آج سے کچھ ہی دن پہلے ہم نے اپنے علاقے کے کچھ لسنرز کلب کے ساتھ مل کر ایک سیمینار ’’ریڈیو کا عالمی دن منایا جائے‘‘ کے عنوان سے منعقد کیا ہے۔ اِس کا مقصد ریڈیو کی خدمات کا عالمی سطح پر اعتراف کرنا اور اسے خراج تحسین پیش کرنا تھا تاکہ میڈیا میں اس کے کردار اور اہمیت کے باعث نوجوان نسل کو اِس ذریعہء ابلاغ کے بارے میں مکمل آگاہی ہو۔
اس کے علاوہ لوگوں میں ریڈیو کی افادیت کا شعور اجاگر کرنا اور ریڈیو کو فروغ دینا بھی ایک مقصد تھا تاکہ لوگ زیادہ سے زیادہ بین الاقوامی نشریاتی اداروں کی نشریات سے استفادہ کر سکیں اور بین الاقوامی سطح پر جس طرح مختلف دن منائے جاتے ہیں، اسی طرح ریڈیو کے عالمی دن منائے جانے کے حوالے سے تمام نشریاتی اداروں کے لئے یہ پیغام تھا کہ وہ سب لوگ مل کرریڈیو کے عالمی دن کے لئے کوشش کریں تاکہ تمام نشریاتی اداروں اور ان کے سامعین کی بین الاقوامی سطح پر اپنی ایک پہچان ہو۔
فرینڈز لسنرز کلب محلہ قادر آباد لیہ پاکستان
کلب عہدیداران اور ممبران ملک گوہر الطاف(صد ر) محمد احمد (جنرل سیکرٹری) خرم شہزاد۔ بابر سیف۔ سمیع اللہ۔ توصیف الرحمن۔ عارف محمود ۔ محمود بخش ۔ ملک سجاد احمد۔ ملک تیمور الطاف۔ شعیب فراز۔ نصراللہ ناصر۔ عامرجمیل۔ شہباز گل۔ الیاس اختر ( مستقل ممبران)