خبریں | 11.03.2010 | 17:00 UTC
یونان میں حکومت کے بچت منصوبوں کے خلاف پھر ہڑتال
بجٹ خسارے سے پریشان ملک یونان میں حکومت کے بچت منصوبوں کے خلاف ایک مرتبہ پھر ملک گیر ہڑتال سے معمولات زندگی درہم برہم ہوکر رہ گئے ہیں۔ فقیدالمثال ہڑتال کے باعث پبلک ٹرانسپورٹ اور تعلیمی ادارے بند ہیں، بیشتر پروازیں منسوخ کرنا پڑیں جبکہ ہسپتالوں میں صرف ایمرجنسی سروس ہی بحال ہے۔ جمعرات کو وسطی ایتھنز میں تقریباً دس ہزار افراد نے حکومت کے خلاف ایک احتجاجی مارچ میں بھی حصہ لیا۔ اس دوران کئی مقامات پر پولیس اور نوجوان مظاہرین کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں۔ یونان میں ٹریڈ یونینز اور پبلک ورکرز حکومت کے مالیاتی کٹوتی کے منصوبوں کے خلاف زبردست احتجاج کر رہے ہیں۔ یونانی حکومت نے بجٹ خسارے پر قابو پانے کے لئے کئی منصوبے تیار کئے ہیں، جن میں ملازمتیں ختم کرنے اور ٹیکس میں اضافے جیسے اقدامات بھی شامل ہیں۔ یونان کے مالی بحران کے باعث یورو زون میں شامل باقی پندرہ ملکوں کو یورو کرنسی کے مستقبل کے حوالے سے تشویش لاحق ہے۔












